لاہور(صباح نیوز) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں باہمی تعاون اور دوطرفہ امور پر بھی بات چیت ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستانی کی سیاسی، معاشی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، نواز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوام آئندہ انتخابات میں پھر سے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے۔ن لیگ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں تجارت ، معیشت ، موسمیاتی تبدیلیوں اور علاقائی سلامتی و استحکام پر بھی بات ہوئی ،
نواز شریف نے ملاقات میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بیگناہ فلسطینیوں کے قتل عام کا معاملہ بھی اٹھایا، نواز شریف نے فوری جنگ بندی اور انسانی و طبی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔