اکرا(صباح نیوز)گھانا سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی فٹبالر رافیل ڈومینا میچ کے دوران گرنے کے باعث انتقال کرگئے۔
گھانا فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گھانا کی ٹیم کے لیے کھیلنے والے 28 سالہ فٹبالر رافیل ڈومینا ایک میچ کے دوران گرنے کے باعث انتقال کرگئے۔ایسوسی ایشن نے نوجوان فٹبالر کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ رافیل نے سچے دل سے گھانا کی نمائندگی کی اور آخری سانس تک وہ اپنے ملک کے لیے کھیلتے رہے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
رافیل ڈومینا کی موت کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم میچ کی جاری کردہ ویڈیو میں فٹبالر کو 24 ویں منٹ میں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طبی عملہ فٹبالر کی دیکھ بھال کے بعد انہیں ایمبولینس کے ذریعے گراونڈ سے اسپتال لے جاتا ہے۔خیال رہے کہ رافیل ڈومینا اس سے قبل اکتوبر 2021 میں بھی آسٹرین کپ میں میچ کے دوران گرگئے تھے لیکن وہ صحتیاب ہوکر ایکشن میں واپس آ گئے تھے۔