اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پانچ رکنی سیاسی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے بدھ کو پانچ رکنی پولیٹیکل انگیجمنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سینیٹر بیرسٹر علی ظفر، سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند، علی محمد خان، علی اصغر خان اور پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پی ٹی آئی پولیٹیکل انگیجمنٹ کمیٹی کے رکن مقرر کردیئے گئے۔ کمیٹی کی جانب سے ملک میں صاف شفاف انتخابات کے معاملے پر جلد سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا امکان ہے۔
تحریک انصاف نے صاف شفاف انتخابات کے معاملے پر 24 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا
پاکستان تحریک انصاف نے صاف شفاف انتخابات کے معاملے پر 24 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔چارٹر آف ڈیمانڈ مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے بھجوایا گیا ۔11 اکتوبر کو الیکشن کمیشن اور تحریک انصاف کے وفد کے درمیان انتخابی ضابطہ اخلاق پر مشاورت کے حوالے سے ملاقات کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شفاف اور منصفانہ انتخاب کے انعقاد کیلئے باضابطہ طور پر چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا تھا۔ پیش رفت کے تناظر میں یہ چارٹر آف ڈیمانڈ توجہ دلانے کیلئے ایک بار پھر پیش کیا جا رہا ہے۔
عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں تحریک انصاف کو مسلسل لیول پلیئنگ فیلڈ سے محروم رکھا جا رہا ہے،انتخابی شیڈول جاری کیا جائے۔ یہ بھی آگاہی دی گئی ہے کہ تحریک انصاف کے اراکین کو غیر قانونی گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں جیسے اقدامات کا سامنا ہے ۔سابق وزیراعظم پارٹی چیئرمین عمران خان اس وقت پابند سلاسل ہیں،تحریک انصاف کے جھنڈوں سے لے کر پارٹی موقف کی کوریج کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے پابندی عائد ہے،یہ معاملہ نہ صرف تحریک انصاف بلکہ جمہوریت کیلئے بھی تشویش کا باعث ہے