نئی دہلی (صباح نیوز)آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 38ویں میچ میں سری لنکا کے آل راونڈر اینجلو میتھیوز کو ٹائم آوٹ قرار دے دیا گیا، وہ اس طرح سے آوٹ ہونے والے کھیل کی تاریخ کے پہلے بلے باز بن گئے۔میگا ایونٹ میں رسائی کے لیے سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھارتی شہر نیو دہلی کے ارون جیٹلے کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہیں جہاں اینجلو میتھیوز سدیرا سمارا وکراما کی وکٹ گرنے پر نمبر 6 پر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن کسی گیند کا سامنا کرنے سے پہلے ہی ٹائم آوٹ قرار دیے جانے کی وجہ سے واپس جانے پر مجبور ہوگئے۔
سری لنکا کے تجربہ کار آل راونڈر جنہوں نے متبادل کھلاڑی کے طور پر ورلڈ کپ کے دوران شمولیت اختیار کی، وہ اس وقت حیران رہ گئے جب بنگلہ دیش نے ہیلمٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے وقت لینے پر ان کو آوٹ قرار دینے کی اپیل کی۔یہ واقعہ سری لنکا کی اننگز کے 25ویں اوور میں اس پیش آیا جب شکیب الحسن نے سمارا وکراما کو آوٹ کیا جو بانڈری لائن کے قریب محمود اللہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔اینجلو میتھیوز نے میدان میں آنے کے دوران کچھ زیادہ وقت لیا اور پھر ان کے ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹ گیا۔جیسے ہی انہوں نے نئے ہیلمٹ کے لیے ڈریسنگ روم کی جانب اشارہ کیا تو شکیب الحسن اور بنگلہ دیشی ٹیم نے ٹائم آوٹ آوٹ قرار دیے جانے کی اپیل کردی جس پر امپائر نے انہیں آوٹ قرار دے دیا۔اینجلو میتھیوز نے فیصلے کے خلاف اپیل کی لیکن ایمپائر نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا۔
فیصلے کے بعد اینجلو میتھیوز کو بنگلہ دیشی کھلاڑیوں اور امپائرز کے ساتھ بحث کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن اپیل واپس نہیں لی گئی اور وہ مایوس ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے۔آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ٹائم آوٹ سے متعلق کہا گیا ہے کہ کسی وکٹ گرنے یا بلے باز کے ریٹائر ہونے کی صورت میں نئے بلے باز کو گیند کا سامنا کرنے کے لیے 2 منٹ کے اندر اندر تیار رہنا ہوگا بصورت دیگر آنے والا نیا بلے باز ٹائمڈ آوٹ ہو کر اپنی وکٹ کھو دے گا۔عالمی کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی بلے باز کو ٹائم آوٹ قانون کے مطابق آوٹ قرار دیا گیا ہے۔