اسلام آباد (صباح نیوز)حکومت پاکستان نے بھارتی مقبوضہ کشمیر سے بے گھر8600 خاندانوں کی آباد کاری کے منصوبے کی منظوری دے دی ،یہ خاندان 1989 سے آزاد کشمیر میں قیام پذیر ہیں اور ان میں سے بیشتر کے حالات انتہائی خراب ہیں ۔
مقبوضہ کشمیر سے بے گھر8600 خاندانوں کو مرحلہ وار 5 مرلے کے گھروں میں منتقل کیا جائے گا پہلے مرحلے میں تقریباً 750 گھر آزاد کشمیر کے اضلاع باغ، ہٹیاں بالا، کوٹلی اور مظفرگڑھ میں بنائے جائیں گے۔حال ہی میں مہاجرین کشمیر کے لئے سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی )سی ڈی ڈبلیو پی( نے 3.1 ارب روپے کے منصوبے کے پہلے مرحلے کی منظوری دی، جس کا نام جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضہ کے پناہ گزین کی 1989 کے بعد سے مستقل آباد کاری ہے۔
جب کہ مظفرآباد اور نیلم کے اضلاع میں 52 کلومیٹر پر محیط نوسیری لیسوا بائی پاس روڈ کو بہتر بنانے کے لیے 1.622 ارب روپے کی لاگت کے ایک اور منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔اسی طرح ناگور شریف سے سنتسر تک 54 کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے نظرثانی شدہ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی جس کی کل لاگت 2.4 ارب روپے ہے۔