غزہ(صباح نیوز)غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 29ویں دن شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 488 ہوگئی۔غزہ وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 3 ہزار 900 بچے اور سیکڑوں خواتین شامل ہیں۔فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید صحافیوں کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج 7 اکتوبر سے مسلسل غزہ کو نشانے پر رکھے ہوئے ہے۔
اس دوران اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں، عمارتوں، اسکولوں اور پناہ کیمپس پر بھی بم باری کی جارہی ہے۔فلسطینی فوٹو جرنلسٹ، معتز عزیزہ، نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ، اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر میں القدس اسپتال کے سامنے ایک عمارت پر بمباری کی۔ایک تصویر میں ایک تباہ شدہ عمارت سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔
ایک فلسطینی صحافی محمد سمری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ غزہ میں کوئی یونیورسٹی باقی نہیں بچی ہے۔انہوں نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں دور سے ایک عمارت سے دھواں اور شعلے اٹھتے دیکھے گئے، جس کے بارے میں ویڈیو میں کہا گیا کہ یہ غزہ میں واقع جامعہ الازہر ہے۔