لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر لاہور میں 19نومبر کوغزہ مارچ ہو گا ، جس میں اہل لاہور کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔پاکستان کے 25کروڑ غیور عوام اپنے مصیبت زد ہ بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔
ان خیالا ت کا اظہار امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ فاشٹ اسرائیلی حکومت مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے ۔معصوم لوگوں کے خلاف جارحانہ طرز عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔فلسطین ، کشمیر سمیت دنیا میں جہاں بھی ظلم و نا انصافی کا بازار گرام ہے وہاں امن کو قائم کرنا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ اسرائیل اور بھارت دہائیوں سے قتل عام کر رہے ہیں۔ مگر مجال ہے کہ کسی بھی انسانیت کے علمبردار ملک کے کانوں پر جوں تک بھی رینگتی ہو ۔ ان کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر سے غزہ مقتل گاہ بنا ہوا ہے، بے گناہ شہریوں کے ساتھ صحافی بھی قتل ہو رہے ہیں، ظالم اور قابض صیہونی ریاست صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ سچائی اور اختلاف کی ہر آواز کی دشمن ہے۔ شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 227 ہوگئی ہے، ان میں 3 ہزار 826 بچے اور 2 ہزار 405 خواتین شامل ہیں، اسرائیلی حملوں میں اب تک 23 ہزار 516 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ میں جاں بحق ہونے والے ہر 5 شہریوں میں سے 2 بچے ہیں۔ایک ہزار بچے اس وقت ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ جاں بحق ہو رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا جائے ۔ اسرائیل ایک نا جائز ریاست ہے جس نے فلسطین میں ہزاروں مسلمان ، مرد و خواتین ، بچوں، بوڑھوں کو شہید کیا اور مسلمانوں کی زمینوں پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔اس وقت تک دنیا میں امن کو خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا جب تک ظلم و ستم اور بربریت کا یہ سلسلہ ختم نہیں ہو جاتا ۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو اپنا دوہرا معیار تبدیل کرنے کی ضرورت ہے