ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ لیول پلئینگ فیلڈ نہ ملنے کے باوجود الیکشن کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس میں بھرپور حصہ لیں گے، مسلم لیگ کی جانب سے میچ فیکس کا عندیہ افسوسناک ہے ۔ پارٹی کے ڈویژنل سینئر نائب صدر سردار ملک اقبال خان ایسر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی مداخلت سے الیکشن کا اعلامیہ خوش آئند ہے۔ الیکشن شیڈول جیسے سامنے آئے گا انتخابی عمل کی تیاریوں میں تیزی آئے گی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میاں نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو اور آزاد شفاف بیانیہ پر بھی قائم رہے ۔ مسلم لیگ کی جانب سے میچ فکسنگ کی کوشش افسوسناک ہے کیا چار سال کی قربانیاں اسی سلیکشن کے لئے دی تھیں، ہم چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں ملک میں شفاف انتخابات اور پائیدار حقیقی مستحکم جمہوری نظام کے لئے چارٹر آف ڈیموکریسی پر متفق ہوں۔ اس مرتبہ اگر شفاف انتخابات کے بجائے سلیکشن کا عمل اختیار کیا گیا تو قوم اسے قبول نہیں کرے گی کیونکہ اب نوجوانوں کی اکثریت ہے جو باشعور ہیں اور وہ سلیکشن قبول نہیں کرینگے، اگر سلیکشن کرنی ہے تو پھر ایک ہی نوٹی فکیشن کردیں، کیوں قوم کے اربوں روپے پر ضائع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام حلقوں پر اپنے امیدوار لائے گی اور بھرپور الیکشن لڑے گی۔