اسلام آباد (صباح نیوز)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے غزہ میں اسرائل کی جانب سے اسکول اور بچوں کے ہسپتال پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ غزہ شہر میں النصر چلڈرن ہسپتال اور اسامہ بن زید اسکول پر اسرائیل کے گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کرتی ہوں، شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہسپتالوں اور اسکولوں کو نشانہ بنانا انسانیت کی توہین اور انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے،
بچوں، عورتوں سمیت معصوم جانوں کا ضیاع ایک المیہ ہے جس کا کوئی بھی جواز اور دفاع نہیں کیا جا سکتا، غزہ میں شہدا کی تعداد 9,366 ہو چکی ہے، جن میں 3,826 بچے شامل ہیں جو اس سانحے کے پیمانے کا دل دہلا دینے والا ثبوت ہے، غزہ کی صورتحال سے عالمی برادری کے ضمیر پر سوال اٹھتے ہیں، غزہ قتل گاہ بن چکا ہے، اس طرح کی بربریت پر عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی ناقابل قبول ہے، ہم غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی اور بربریت کے خاتمے کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔