انوار الحق کاکڑ کی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مزمت

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے .وزیرِ اعظم نے  شہدا کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دھشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،شہدا نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا،مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ دھشتگردوں کے ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم اور اسکے رکھوالوں کے حوصلے کبھی پست نہ کر پائیں گے،پوری قوم دھشتگردی کے اس ناسور کے خاتمے کیلئے اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔