لکھن (صباح نیوز) آئی سی سی ورلڈکپ کے 34 ویں میچ میں افغانستان نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔لکھن میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔افغان بولرز کے سامنے نیدرلینڈز کی ٹیم جم کرنہ کھیل سکی اور 47 ویں اوور میں 179 رنز پر آل آوٹ ہوگئی، سائبرانڈ 58 رنزبناکرٹاپ اسکورر رہے۔نیدرلینڈز کا 180 رنز کا ہدف افغانستان نے 32 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔حشمت اللہ شاہدی 56 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
افغانستان نے نیدرلینڈز کے خلاف جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کرلی اور سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگیا ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔ جنوبی افریقا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔افغانستان 7 میچز میں 4 میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کا چھٹا نمبر ہے۔نیدرلینڈز کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر ویسلے بیریسی اور میکس اوڈاڈ نے کیا تاہم ویسلے بیریسی میچ کے پہلے اوورز میں ہی مجیب الرحمان کی پانچویں گیند پر ایک رن بناکر آوٹ ہوگئے، اس کے بعد رحمت اللہ عمر زئی نے میکس اوڈاڈ کو 42 رنز بنانے کے بعد رن آوٹ کردیا۔اس کے بعد نیدرلینڈز کے کولن ایکرمین 29 رنز، اسکاٹ ایڈورڈز صفر ، بیسڈی لیڈی 3 رنز بناکر آوٹ ہوگئے،
وین ڈر مروے11، وین میکرین 4 اور ثاقب ذوالفقار نے 3 رنز اسکورکیے جبکہ آریان دت 10 رنزبناکر ناٹ آوٹ رہے۔ نیدرلینڈز کی طرف سے سائبرانڈ 58 رنزبناکرٹاپ اسکورر رہے۔افغان بولرز کے سامنے نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 46.3 اوورز میں آل آوٹ ہوگئی۔افغانستان کے محمد نبی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، نوراحمد نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔نیدرلینڈز کا 180 رنز کا ہدف افغانستان نے با آسانی 31.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی 56 اور عظمت اللہ عمرزائی 31 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ رحمت شاہ نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ ابراہیم زدران 20 اور رحمان اللہ گرباز 10 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔۔