کراچی ،جماعت اسلامی کے تحت بچوں کے غزہ مارچ کی تیاریوں کا آغاز منعم ظفر کی زیر صدارت اجلاس

 کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے تحت اسرائیلی دہشت گردی و جارحیت کے خلاف اوراہل غزہ و فلسطینی مسلمانوں بالخصوص معصوم بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بدھ 8نومبر کو صبح 10بجے شاہراہ قائدین پر ہونے والے کراچی کے ”بچوں کا غزہ مارچ” کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں، مارچ کو بھرپور اورکامیاب بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کیے جارہے ہیں،اس سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سکریٹری منعم ظفر خان کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں تمام اضلاع کے ذمہ داران ، شعبہ تعلیم کے ذمہ داران  اور مختلف اسکولوں کے منتظمین نے شرکت کی ۔

اجلاس میں بچوں کے غزہ مارچ کو بھرپور بنانے کے لیے اہم فیصلے اور اقدامات کیے گئے اور طے کیا گیا کہ شہر بھر سے بچوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کراچی کے تمام نجی و سرکاری اسکولوں کے ذمہ داران سے رابطہ کیا جائے گا ، ان کے منتظمین اور سربراہوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی اور ان کو شرکت کی دعوت دی جائے گی اور اس سلسلے میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی طرف سے تیار کیا گیا دعوت نامہ بھی پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی اور ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ۔

منعم ظفر خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اہل غزہ اور فلسطینی بچوں و بچیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے بچے لاکھوں کی تعداد میں مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔7اکتوبر سے اب تک غزہ میں 9000سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 4ہزار سے زائدبچے شامل ہیں ، اسکولوں ، اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کرکے معصوم بچے ، عورتیں اور بوڑھے شہید کیے جارہے ہیں ، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ان کے لیے آواز بلند کریں کیونکہ فلسطینی بچوں کا لہو ہم پر قرض ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ  امریکہ ،برطانیہ ودیگر مغربی ریاستوں کی شیطانیت کھل کے سامنے آگئی ہے ،یہ ممالک اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے توقانون بناتے ہیں لیکن مسلمانوں کے بچوں کا قتل عام کررہے ہیں ،ان پر جدید سے جدید بم برسارہے ہیں ۔ اقوام متحدہ کے قانون کے مطابق جنگ میں بھی ہسپتالوں اور اسکولوں میں بمباری نہیں کی جاسکتی ،صحافیوں کو نشانہ نہیں بناسکتے ،لیکن اسرائیلی دہشت گردی سے 65 صحافی شہید ہوچکے ہیں ۔ اسرائیل نے 16سال سے غزہ کا محاصرہ کیا ہوا ہے ،ہر سال بغیر کسی جنگ کے اسرائیل کے فوجی تقریباََ 100 فلسطینی بچوں کو شہید کرتے ہیں ،حماس کی یہ جنگ بین الاقوامی قوانین کے مطابق بھی ہے اور شریعت کے مطابق بھی ہے ۔ان کی یہ جنگ تمام انسانیت کو بچانے کی جنگ ہے ۔منعم ظفر خان نے اہل کراچی سے اپیل کی کہ فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنے بچوں کو عظیم الشان غزہ مارچ میں شرکت کرائیں۔