لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے مرکزی تربیت گاہ منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پر بار بار مسلط رہنے والی سول اور فوجی حکومتوں نے ہر شعبہ تباہ کر دیا، یہ معیشت، تعلیم، صحت، کھیل اور دیگر شعبوں میں بھی تباہی لائے اور ان سے کشمیر و فلسطین سمیت امت کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی کوئی جاندارانہ حکمت عملی وضع نہ ہوئی۔حکومتوں کا کام قراردادیں، اعلانات کے علاوہ عملی اقدامات بھی اٹھانا ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے حکمران غزہ کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں بے بس نظر آتے اور خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ فتویٰ جاری کر کے حکمرانوں کو ان کی ذمہ داری یاد کرائیں، عوام الناس فلسطین کے حق میں مجموعی فضا تشکیل دے کر حکمرانوں پر دبائو بڑھا ئیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی بساط کے مطابق جہاں عوام کی خدمت کر رہی ہے وہیں فلسطین کا مقدمہ بھی بھرپور طریقے سے لڑا جا رہا ہے۔ ہم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد اور مظلوم مسلمانوں کی مدد جاری رکھیں گے۔