انتخابات میں نہ الیکشن کمیشن اور نہ ہی چیف الیکشن کمشنر کسی پارٹی کے دباؤمیں آئے گا،اعلامیہ

اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن  آف پاکستان نے  دوٹوک واضح کیا ہے کہ انتخابات میں نہ تو الیکشن کمیشن اور نہ ہی چیف الیکشن کمشنر کسی پارٹی کے دبا ؤمیں آئے گا، ای سی پی صرف آئین و قانون  کے تحت اپنی ذمہ داریاں بغیر کسی دباؤ  اور بلا خوف و خطر سر انجام دیتا رہے گا، افہام و تفہیم سے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔  اس امر کا پاکستان تحریک انصاف کے  چیف الیکشن کمشنر پر الزامات کو مسترد کرتے  ہوئے جاری  بیان میں کہا گیا ہے۔

بیان میں  کہا گیا ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے حلقوں میں گردش کرنے والا پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا مبینہ بیان چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے بالخصوص  اور الیکشن کمیشن کے حوالے سے  بالعموم بے بنیاد اور حقائق کے منافی ھے ۔ تحریک انصاف کو یاد رکھنا چاہیئے کہ 17 جولائی اور 16 اکتوبر 2022 کے ضمنی انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی  غیر جانبداری مثالی تھی اور الیکشن کمیشن نے انتخابی شفافیت کا ثبوت اپنے عمل سے پیش کیا۔ ضمنی انتخابات کی شفافیت کو ہر سطح پر سراہا گیا۔

 جمعہ کی شام ای سی پی سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پارٹی کو یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر نہ ان کے اپنے دور حکومت میں کسی دباؤ میں آیا تھا اور نہ موجودہ اور آئندہ آئے گا۔الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر صرف آئین و قانون  کے تحت آپنی ذمہ داریاں بغیر کسی دباو  اور بلا خوف و خطر سر انجام دیتا رہے گا۔

ایسے وقت میں جب افہام و تفہیم سے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کی گئی ہے  ایسا بیان ماحول کو خراب کرنے کی  ناکام کوشش ہے ۔الیکشن کمیشن جیسے آئینی ادارے کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے دباو میں نہیں لایا جاسکتا بہتر ھے کہ مذکورہ پارٹی چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن پر الزامات لگانے کی بجائے اپنی توجہ عام انتخابات کی تیاری پر مرکوز کرے اور یاد رکھے کہ آنے والے انتخابات میں نہ تو الیکشن کمیشن اور نہ ہی چیف الیکشن کمشنر کسی پارٹی کے دبا ؤمیں آئے گا اور آئندہ انتخابات آئین اور قانون کے تحت منصفانہ اور شفاف کروانے کو یقینی  بنائے گا۔