غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا 28 واں دن،

غزہ(صباح نیوز) غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے  28 دن مکمل ہوگئے ہیں ۔اسرائیل نے غزہ کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے، 23 لاکھ افراد کو پانی، کھانے اور ایندھن کی فراہمی معطل جبکہ مواصلاتی نظام منقطع ہے۔الجزیرہ کے مطابق 7 اکتوبر کو شروع ہونے والے اسرائیل کے حملوں میں  شہید  ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 9 ہزار 370 ہوگئی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ جاں بحق افراد میں 3 ہزار 826 بچے اور 2 ہزار 405 خواتین شامل ہیں۔ 20 ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔غزہ پٹی کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے اب تک 1200 بچے دبے ہوئے ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرا نے کہا کہ 7 اکتوبر سے اب تک طبی عملے کے 136 اراکین جاں بحق، 25 ایمبولینسز اور 126 ہسپتال تباہ، اور 50 طبی مراکز بھی نشانہ بنے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ  جمعے کو اسرائیلی فوج نے جمعے کو مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران چھ فلسطینیوں کو قتل کر دیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 17 سے 26 سال کی عمر کے تین فلسطینی شمالی شہر جنین میں مارے گئے۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق ان میں سے دو افراد شہر کے پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر ڈرون حملے میں جان سے گئے۔