اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارض پاک سے جب تک دہشت گردی کا ناسور ختم نہیں ہو جاتا تب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔انہوں نے شہدا کیلئے بلندی درجات اور ان کے لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کا ناسور ارض پاک سے ختم نہیں ہو جاتا تب تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی بدولت ہی ہم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام کرتے آئے ہیں۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔جمعہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ سیجاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اس دہشتگردانہ حملے میں معصوم شہریوں سمیت سکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر و جمیل عطا کرے۔چیئرمین سینیٹ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں۔خطے کے امن کی بقا کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے اس دہشت گرد حملے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک اڈے میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
جمعہ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام انتہا پسندی اور ہر قسم کی دہشت گردی کی پرزور ممانعت کرتا ہے،دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر انسانیت و ملک کے دشمن ہیں ،دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔سپیکر قومی اسمبلی نے دھماکہ کینتیجہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا ء کی۔