ممبئی (صباح نیوز) آئی سی سی ورلڈکپ کے 33 ویں میچ میں بھارت نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں 302 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ممبئی کے واکھنڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 33 ویں میچ میں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے،شبمن گل 92، ویرات کوہلی 88 اور شریاس ائیر 82 رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارت کے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔302 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی کے بعد بھارت ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، روہت الیون سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہے۔
بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز بھارتی کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے کیا لیکن ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست ٹیم کے اوپنرز سری لنکن بولرز کے سامنے بھارتی ٹیم کو لمبی پارٹنر شپ فراہم نہ کرسکے۔ سری لنکن بولر مدوشنکا نے بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے اوور کی دوسری گیند پر بولڈ کرتے ہوئے صرف 4 رنز کیساتھ پویلین بھیج دیا۔ایک وکٹ گرنے کے بعد ویرات کوہلی اور شبمن گل کے درمیان شاندار 189 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔بھارت کی دوسری وکٹ 193 رنز پر شبمن گل کی صورت گری جب مدوشنکا نے گل کو 92 رنز پر کیچ آوٹ کیا اس کے بعد مدوشنکا نے ہی ویرات کوہلی کو 88 رنز پر پویلین بھیجا۔
اس کے علاوہ شریاس ائیر نے 56 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کے ایل راہول 21، سوریا کمار 12، جڈیجا 35 اور محمد شامی 2 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز اسکور کیے۔سری لنکا کی جانب سے دلشان مدو شانکا نے 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی،ہدف کے تعاقب میں بھارتی بولرز سری لنکن بیٹرز پر ایشیا کپ کے فائنل کی طرح ٹوٹ پڑے اور پوری ٹیم 20ویں اوور میں 55 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ محمد شامی نے 18 رنز دے کر 5، محمد سراج نے 16 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ جسپریت بمرا اور رویندرا جڈیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔
سری لنکا کی جانب سے کاسن رجیتھا 14 رنز بنا کر نمایاں رہے، اینجیلو میتھیوس نے 12 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مہیش تھیکشنا 12 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ انکے علاوہ کوئی اور کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔محمد شامی کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ ہی بھارت نے ایک مرتبہ پھر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا اور سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔