امریکہ نے پاکستان سے غیرقانونی غیرملکیوں کے انخلا کی حمایت کردی

اسلام آباد (صباح نیوز) امریکہ نے پاکستان سے غیرقانونی غیرملکیوں کے انخلا کی حمایت کردی ،امریکی سفیر نے کہا ہے کہ  ایک خودمختار ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو غیرقانونی غیرملکیوں کے معاملے کو اپنے قانون کے مطابق   دیکھنے کا  پورا حق حاصل ہے۔پاکستان میں امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی گئی۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر ڈار نے پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر کے طور پر امریکہ کے کردار پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔بات چیت میں علاقائی امن کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی انتھک کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے جاری افغان مہاجرین کے مسئلے  پر بھی  سفیر بلوم نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستانی قیادت کے عزم اور تعاون کو سراہا۔

امریکی سفیر نے افغان شہریوں سمیت پاکستان سے غیر قانونی اور غیر دستاویزی تارکین وطن کی ملک بدری کے حوالے سے اس حقیقت سے اتفاق کیا کہ ایک خودمختار ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو ان کے ساتھ  اپنے  قانون  اور اپنی سرحدوں کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات  کے ضمن میں اس  معاملہ  کو  دیکھنے کا  پورا حق حاصل ہے۔ملاقات میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جاری( SBA  )پروگرام کی پیشرفت اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹراسحاق ڈار نے مذکورہ پروگرام کے دوسرے جائزے کے کامیاب اختتام پر امید کا اظہار کیا ۔ پاکستان کے مستقبل کے معاشی امکانات پر قائد ایوان  نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 2024 کے اوائل میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد پاکستان اپنی معیشت کو بحال کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ . سینیٹر ڈار نے امید ظاہر کی کہ عام انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں میدان ہوگا۔