لیاقت بلوچ کا الیکشن کمیشن کی طرف سے اگلے سال 11 فروری کو انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا خیرمقدم

اسلا م آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، قائمہ کمیٹی سیاسی انتخابی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے سپریم کورٹ میں انتخابات انعقاد سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی طرف سے 11 فروری 2024 کو انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مسلسل یہی مطالبہ تھا کہ بے یقینی کے خاتمہ کے لیے الیکشن ڈے کا اعلان کیا جائے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ  سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ آج ہی صدرِ مملکت سے ملاقات کرکے الیکشن کی تاریخ فائنل کرے، جس کے بعد الیکشن کمیشن کا وفد اب سے کچھ ہی دیر بعد صدرِ مملکت سے ملاقات کرنے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ کی کاوشیں لائقِ تحسین اور اطمینان بخش ہیں۔ الیکشن کمیشن اب ہر دباو سے آزاد ہوکر انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔سپریم کورٹ کو چاہیے کہ اب آئین کی خلاف ورزی، انتخابات کی تاخیر کے ذمہ داران کا بھی تعین کرے۔ سیاسی استحکام اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے کہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ تمام جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لینے کا حق دیا جائے۔ کسی جماعت یا شخصیت کو بلاوجہ الیکشن سے باہر رکھنا آئین اور جمہوریت کی روح کے منافی ہے۔ اس لیے انتخابات کے انعقاد سے پہلے ہر طرح کی سیاسی انجینئرنگ کے نظریہ ضرورت کا خاتمہ بھی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائے اور انتخابات میں دولت کی حرام کاری بند کرنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کرے۔ الیکشن میں پیسے کی ریل پیل جمہوریت، جمہوری اداروں اور انتخابی عمل کے لیے زہر قاتل ہے۔ انتخابی عمل پر عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ انتخابی عمل صاف، شفاف اور ہر قسم کی مداخلت سے پاک ماحول میں پایہ تکمیل کو پہنچے۔ سیاسی انجینئرنگ، دھونس، دبا واور حق تلفی کی بنیاد پر کرائے گئے الیکشن ملک میں انارکی کو فروغ دینے اور پورے انتخابی عمل کو مشکوک بنانے کا باعث ہوگا۔