اسلام آباد (صباح نیوز)پرنسیپل انفارمیشن افسر طارق خان سے آر آئی یو جے دستور کے وفد نے صدر سید قیصر شاہ اور جنرل سیکریٹری رشید ملک کی قیادت میں ملاقات کی۔وفد میں آر آئی یو جے کے فنانس سیکریٹری راحیل سواتی، پی ایف یو جے کے عہدیدار عمران محمود، مظفر بھٹی ،ضرار فرید ،اور محمد عارف ملک شامل تھے۔آر آئی یو جے دستور نے راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے پی آئی او کو آگاہ کیا۔
سید قیصر شاہ اور رشید ملک نے اخبارات میں کام کرنے والے صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں واجبات کی ادائیگیوں پر بات کی۔وفد نے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فراض کو عصری تقاضوں کے مطابق انجام دینے کیلئے تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کی تجویز دی۔ریجنل اخبارات کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات پر زور دیتے ہوئے صحافیوں کو اسمبلی کارڈز کے ساتھ ساتھ ایکریڈیٹیشن کارڈر کیاجرا کے طریقہ کار کو آسان بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
پی آئی او طارق خان نے اس موقع ہر صحافیوں کے مسائل پر آربآئی یوجے دستور کے وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ریاست کا چوتھا ستون ہیں۔ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈمی اخبارات پر شکنجہ سخت کیا جارہا ہے۔ایسے اخبارات جو چھپتے نہیں مگر استہارات کیلئے چند کاپیاں تیار کرکے بھائی رقوم وصول کر رہے ہیں کے خلاف ٹھوس کارروائیوں کیلئے طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے۔
اس سلسلہ میں پی آئی ڈی ایک سافٹ ویئر بھی تیار کر رہی ہے جس سے ڈمی اخبارات کے ایڈیشنوں کی پرنٹنگ اور تعداد کے ساتھ ساتھ ایک ہی مواد کے کٹ پیسٹ جیسے عمل کی بھی جانچ پڑتال کی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈمی اخبارات کے اشتہارات بند کرکے ان ریجنل اخبارات کو سپوٹ کیا جائے گا جو علاقائی سطح پر مسائل اور حقائق کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد، گوجرانوالہ ،گجرات، ملتان بہاولپور، حب ،سکھر سمیت دیگر علاقوں کے باقاعدہ شائع ہونے والے اخبارات علاقائی صحافت کے اعتبار سے اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارہ کی طرف سے اسبلی کی کوریج کیلئے مقرر کردہ رپورٹرز کیلئے میڈیا کاردز کے اجرا کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈ کی فراہمی کیلئے طریقہ کار آسان بنانے کے ساتھ ساتھ درخواست فارم میں آسانی کیلئے نظر ثانی کی یقین دہانی بھی کرائی۔صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے سہولت کی فراہمی سے متعلق پی آئی او نے کہا کہ اس حوالے سے کام میں تیزی لائی گئی ہے۔صحافیوں کو جلد ہیلتھ کارڈز کا اجرا شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو عصری تقاضوں کے مطابق تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس حوالے سے صحافیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اقدام کئے جائیں گے۔پی آئی ڈی اس حوالے سے ہونے والی سرگرمیوں کیلئے مکمل تعاون کرے گیا اور اس حوالے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافیوں کیلئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔