ورلڈکپ: سری لنکا کے ہاتھوں شکست، انگلینڈ کا سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل ہوگیا


بنگلورو (صباح نیوز)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 25ویں میچ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔سری لنکا نے انگلینڈ کا 157 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا نے 83 گیندوں پر 77 رنز بنائے،ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔اس کے علاوہ سدیرا وکراما 54 گیندوں پر 65 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے جبکہ کوشل مینڈس 11 اور کوشل پریرا 4 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔یہ میچ بنگلورو میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ بظاہر غلط ثابت ہوا، سری لنکن بولرز کے سامنے انگلش بیٹرز ناکام رہے اور پوری ٹیم 33.2 اوورز میں 156 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ٹاس کے موقع پر انگلش کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ وکٹ اچھی ہے،پچ میں نمی ہے،بیٹنگ کیلیے سازگار رہیگی، آج کے میچ کیلیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں۔اس موقع پر لنکن کپتان کوشال مینڈس کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کرہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔۔