اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پوری اپوزیشن کا مطالبہ ہے۔ واقعہ کا جو بھی ذمہ دار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جو شخص بھی مشکل میں ہو اس کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن ہم مری میں پھنسے ہوئے لوگوں کی وہ مدد نہیں کرسکے جو کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ جب لاکھوں لوگ مری پہنچے تووزیرصاحب نے ویلکم کیا کہ معیشت بہترہو گئی ہے مگر دوسرے ہی دن اسی وزیر صاحب نے کہا کہ اتنے لوگوں کو مری نہیں جانا چاہیے تھا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جب بھی کوئی حادثہ ہوتا ہے توموجودہ حکومت متاثرہ لوگوں کو موردالزام ٹھہرا دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مری واقعہ کا جو بھی ذمہ دار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے پاکستان میں صرف عوام کا خون سستا ہوا ہے باقی ہرچیزمہنگی ہوئی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سانحہ مری کے وقت وزیراعلی پنجاب پی ٹی آئی کی میٹنگ میں مصروف تھے اور جب معاملہ مینج ہو گیا تو مری کا فضائی دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مری نہیں جا سکتے تھے تو متاثرہ خاندانوں کے پاس ہی چلے جاتے،واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ مری کی تحقیقات کے لیے جودیشل کمیشن بنایا جائے اور وزیراعظم عمران خان استعفی دیں۔
اس سے قبل قومی اسمبلی سے منی بجٹ کی منظوری روکنے کے لیے متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ان کے چیمبر میں منعقد ہوا جس میں متحدہ اپوزیشن کے رہنماوں نے شرکت کی۔اجلاس میں منی بجٹ کو روکنے سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی،میڈیا رپورٹ کے مطابق تحدہ اپوزیشن نے مہنگائی پر حکومت کیخلاف پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ بدھ کو پارلیمنٹ کے سامنے مہنگائی کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ، احتجاج میں اپوزیشن لیڈران اور ارکان پارلیمنٹ حصہ لیں گے ۔اس سلسلے میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کو بھی ہدایات جاری کردی گئی جبکہ اسلام آباد و راولپنڈی کے ورکرز کو بھی بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ادھر پاکستان پیپلز پارٹی نے سانحہ مری پر سو موٹو ایکشن کا مطالبہ کردیا ہے ۔اس حوالے سے پی پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ مری قدرتی آفت نہیں بلکہ یہ دانستہ نالائقی اور لاپرواہی کی انتہا ہے ، برف اس سے پہلے بھی پڑتی تھی لیکن عوام کو مرنے کے لیے نہیں چھوڑا جاتا تھا، شہباز شریف اور چودھری پرویز الہی کے ادوار میں بہترین انتظامات تھے ، اس معاملے کو ہم پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر اٹھائیں گے ۔