اسرائیل فلسطین میں جنگی جرائم کا مرتکب ہے ۔ لیاقت بلوچ

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے سعودی عرب اسرائیل مذاکرات کی معطلی کا خیرقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کو مکمل ختم کرکے سعودی عرب عالم اسلام کی قیادت کرے اور مظلوم فلسطینیوں کی مدد اور اسرائیلی  ظلم وجبرکے انسداد کے لیے جوہری کردار ادا کرے. حرمین شریفین کے خادمین سے پوری امت کے بڑے توقعات ہیں. معصوم نہتے فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی صیہونی ظلم اور قتل و غارت گری ناقابل برداشت ہے.

اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہے. بے گناہ شہریوں، خواتین، معصوم بچوں کو ٹارگٹ کرنا انسانی حقوق اور انسانیت کی بدترین پامالی ہے. پوری دنیا میں مسلمانوں سمیت ظلم و ناانصافی کی مخالف اقوام نے اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں سے ییکجہتی کردی ہے. غزہ سے انخلا کا اسرائیلی مطالبہ بین الاقوامی طور پر غیر قانونی اور کسی صورتقابل  قبول نہیں. اس ناجائز مطالبہ پر عمل ایک نئے انسانی المیہ کو جنم دے گا.

لیاقت بلوچ نے فیصل آباد، گوجرانوالہ اور لاہور میں فلسطین کانفرنسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمِ اسلام کے پاس عزت و وقار اور ایمان کی حفاظت کے ساتھ جینے کے لیے اتحاد کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے. ملت اسلامیہ نے بروقت اقدامات نہ کیے تو بیت المقدس کے بعد مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ کے لیے بھی خطرات بڑھ جائیں گے.لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 17 اکتوبر کو اسلام آباد میں قومی فلسطین کانفرنس کی میزبانی کا اعلان کیا ہے. تمام دینی، سیاسی قائدین، سابق سفارت کاروں، سینئر صحافیوں، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے نمایندہ قائدین کو دعوت دی گئی ہے.

فلسطینی ہمیشہ پاکستان کے عوام سے خیر اور پشت بانی کی توقع رکھتے ہیں. قومی فلسطین کانفرنس متفقہ لائحہ عمل دے گی.لیاقت بلوچ نے گوجرانوالہ، فیصل آباد میں قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات کے امیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی اقتصادی اور سلامتی کے مسائل حل ہونگے. جماعت اسلامی نے ملک گیر انتخابی مہم شروع کردی ہے. جماعت اسلامی کی انتخابی مہم اپنی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی مہم ہے. عوام، مرد و خواتین اور نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں. پاکستان کو اسلامی، خوشحال، مستحکم اور کرپشن فری پاکستان بنائیں گے.