لاہور (صباح نیوز)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں سموگ سے بچاؤ،انسانی صحت کی حفاظت اور آلودگی کے تدارک کی بڑی مہم کا آغاز کردیاہے۔اس مہم کے تحت صنعتوں، کارخانوں اور ٹریفک کے دھوئیں کی پڑتال کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ملٹی سیکٹورل انسداد سموگ ایکشن پلان بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہاکہ مونجی اور فصلوں کی باقیات جلانے پر سزا ملے گی۔
اس حوالے سے صوبہ بھر کی سرکاری مشینری کو الرٹ کر دیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ ہوا میں زہریلے دھوئیں اور زہریلے مادوں کی جانچ ہوگی، اس مقصد کیلئے ہر شعبے کی مانیٹرنگ کا ماسٹر پلان تیار ہوچکا ہے اور وزیر اعلی پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پولیس، ضلعی انتظامیہ، ماحولیات کے تحفظ کے ادارے اور محکمہ مال سمیت متعلقہ ادارے انسدادسموگ مہم پر عمل کرائیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ خراب انجن کے باعث زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی پڑتال شروع کردی گئی ہے اورگاڑیوں کی فٹنس اور ٹیسٹنگ کا جامع پروگرام بھی تیار کر لیا گیا۔
پہلے مرحلے میں ٹیسٹنگ پروگرام کا اطلاق لاہور میں چلنے والی گاڑیوں، ٹرکوں اور شاہراہوں پر ہوگا۔مہلت ختم ہونے کے بعد قانون کی خلاف ورزی پر گاڑیوں اور ٹرکوں کے روٹ پرمٹ منسوخ ہوں گے۔سینئر وزیر نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران اور عملے کو میدان میں نکل کر قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے سموگ کے خلاف جنگ کا آغاز کر دیا ہے، میڈیا سمیت ہر شہری ساتھ دے تاکہ لوگوں کو صاف ماحول ملے اور ہمارے بچے آلودگی سے محفوظ رہیں