ڈی آئی خان ، فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ، ساتھی زخمی


ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل فون پر گالم گلوچ اور للکارنے کے بعد بند دریائے سندھ پر فائرنگ کے واقعہ میں 22سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ اسکا 28سالہ دوست زخمی ہوگیا ، مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر کینٹ پولیس نے 4ملزمان کیخلاف قتل و اقدام قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ میں 25سالہ رحیم زادہ مروت ولد احمد دین سکنہ حال کرامت آباد نے قتل و اقدام قتل کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ شرین ہوٹل پر میرا 22بھائی حمزاد اللہ مروت ،اس کے دوست رافیق خان وزیر، احسان اللہ وزیر و دیگر دوست کھانا کھا رہے تھے کہ اس دوران احسان اللہ ٹوٹو نامی شخص نے حمزاداللہ مروت کو موبائل پر کال کی اور گالم گلوچ کے بعد للکارا کہ میں بند دریائے سندھ پر موجود ہوں تم آجاؤ، جس پر حمزاداللہ مروت اپنے موٹرسائیکل پر اپنی کلاشکوف کے ہمراہ موقع پر روانہ ہوا جبکہ رافیق خان وزیر ، احسان اللہ وزیر اور دیگر دوست بھی اسکے پیچھے موقع پر روانہ ہوگئے تاکہ لڑائی جھگڑا نہ ہو، لیکن جونہی حمزاداللہ مروت موقع پر پہنچا تو بنددھپانوالہ نزد پرائمری سکول بستی دھپانوالی پر موجود احسان عرف ٹوٹو اور اس کا بڑا بھائی ،عامر محسود ،فضل ولد نور زمان وزیر سکنہ شیخ یوسف اڈا پرکلاشنکوف لے کر کھڑے تھے  جبکہ فضل کے پاس پستول تھا ملزمان نے اپنے اپنے اسلحہ سے حمزاد اللہ مروت پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے حمزاداللہ مروت شدید زخمی ہو کر جاں بحق ہوگیا۔

اس دوران ملزمان نے حمزاداللہ کی مدد کیلئے آنیوالے اس کے دوستوں پر بھی فائرنگ کر دی جس سے ایک دوست رفیق خان وزیر بھی زخمی ہوگیااور ان کی گاڑی کو بھی گولیاں لگنے سے شدید نقصان پہنچا، جس کے بعد ملزمان ویگوڈالا میں موقع سے فرار ہوگئے، سابقہ وجہ تنازعہ نہیں ، موبائل فون پر ایک دوسرے کو گالم گلوچ دینے اور للکارنے پر وقوعہ رونما ہواہے۔