21 اکتوبر کو نواز شریف کی قیادت میں ایک نئی تاریخ لکھیں گے، رانا ثناء اللہ

لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر نواز شریف کی قیادت میں ایک نئی تاریخ لکھیں گے۔ اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 21 اکتوبر سے پاکستان میں سیاست کا رنگ اور ماحول بدل جائے گا، 21اکتوبر مایوسیوں کے خاتمے اور امید و یقین کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کی ترقی کا دور واپس آ رہا ہے، کارکنوں اور عوام میں جوش و خروش ہر روز بڑھ رہا ہے، قائد نواز شریف پاک سر زمین کو دوبارہ امید اور یقین دینے آ رہا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 2018 سے 2022 کا تجربہ نہ ہوتا تو قوم مایوس اور معیشت تباہ نہ ہوتی۔