اسلام دنیا میں عزت سے جینا سکھاتا ہے۔انیق احمد

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد سے  بحرین کے رکن پارلیمنٹ  اور سابق سپیکر شیخ عادل بن عبدالرحمن المعاودہ  نے پاکستانی علما کرام کے ہمراہ اسلام آباد میں  ملاقات کی۔ مولانا ابو تراب، مولانا عتیق الرحمن شاہ کاشمیری ، پروفیسر سجاد قمر اور مولانا حافظ مقصود احمد  بھی ملاقات میں شریک  تھے۔ ملاقات میں اتحاد امت کے فروغ ، مشترکہ مسائل کے حل  اور اسلاموفوبیا کے تدارک پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان لیل القدر میں وجود میں آیا، اسکی بنیاد قرآن اور اسلام پر رکھی گئی تھی۔ مسائل کے حل کیلئے مسلم ممالک کو مل کر  امت کے تاثر کو اجاگر کرنا ہو گا۔ بطور مسلمان صرف اپنے ملک کی فکر اسلام کی روح کے منافی ہے۔ اسلام دنیا میں عزت سے جینا سکھاتا ہے؛ ہمیں اپنے کردار کو قرآنی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔ مسلمان دنیا کی آبادی کا 25 فیصد ؛  ہم پر امن اور محبت کرنے والے لوگ ہیں ۔ ہمیں اعلی تعلیم یافتہ نوجوان نسل کو دین کے قریب لانا ہو گا اور  انکے ذہنوں میں اٹھنے والے سوالوں کا تسلی بخش جواب دینا ہو گا۔ بدقسمتی ہے کہ نوجوانوں کی اکثریت دورِ حاضر کے مسائل کا حل قرآن سے تلاش نہیں کرتی ۔ ہماری نوجوان نسل قرآن سے بے حد محبت رکھتی ہے لیکن اس کو سمجھ کر نہیں پڑھتی ۔

بحرین کے رکن پارلیمنٹ شیخ عادل عبدالرحمن نے کہا کہ بحرین کے لوگ اسلام کے نام پر بننے والی  واحد ریاست پاکستان سے محبت رکھتے ہیں ۔ نبوی دور میں بھی اسلام مخالف لوگوں نے اسلاموفوبیا کا استعمال کیا۔ لوگوں کو اسلام سے تعارف اور اسکے قریب آنے سے روکا جا رہا ہے۔ دنیا کو اپنے کانوں پر پڑے پردے کو ہٹا کر اسلام کا پیغام سمجھنا ہو گا۔ آہستہ آہستہ تعلیمی اداروں میں دینی تعلیمات کو انتہائی محدود کر دیا گیا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے وزیر مذہبی امور انیق احمد کو بحرین کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔