وزیراعلی سندھ کی جانب سے بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ


کراچی (صباح نیوز)وزیراعلی سندھ سید مراد علی نے بلوچستان میں  حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والے  افراد کیلئے امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ ( پی ڈی ایم اے)نے وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر بارش سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کیلئے امدادی سامان بلوچستان روانہ کیا، جس میں 5000 خیمے، 10000 کمبل، 3000 سوئٹر، 4740 چولھے اور 4700 فرسٹ ایڈ کٹس شامل ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے پی ڈی ایم اے کے ڈی جی سلمان شاہ کو ہدایت کی کہ وہ پی ڈی ایم اے بلوچستان سے رابطے میں رہیں اور ان سے پوچھیں کہ کیا انہیں متاثرہ افراد کیلئے کسی اور اشیا کی ضرورت ہے تاکہ انکے مطابق انہیں امدادی سامان  بھیجا جاسکے۔ وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے ریلیف و بحالی غلام رسول چانڈیو نے ذاتی طور پر ٹرکوں کو گودام سے روانہ کیا۔