بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، وزیراعظم نے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو متاثرین کو امداد پہنچانے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی ، رپورٹ وزیراعلی بلوچستان سے طلب کی گئی ہے۔وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو متاثرین کو امداد پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے۔

خیال رہے بلوچستان میں بارش اور برفباری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نظام زندگی مفلوج ہے۔بلوچستان میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر پاک فوج اور نیوی بھی ضلعی انتظامیہ کی مدد میں پیش پیش ہے۔متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور نیوی کا ریلیف آپریشن جاری ہے، جس میں خوراک، پینے کا پانی اوردیگرضروریات زندگی کا سامان فراہم کیا جارہا ہے