کینیڈین حکام کی بھارتی ہندؤں کو کینیڈا چھوڑنے کے بیان کی مذمت


ٹورنٹو(صباح نیوز) کینیڈا کے حکام اور سیاستدانوں نے بھارتی ہندؤں کو کینیڈا چھوڑنے کے بیان کی مذمت کی ہے۔

کینیڈا کے وزیر ڈومینک لی بلینک کا کہنا ہے کہ ہندو کینیڈینوں کے خلاف نفرت انگیز بیان ہماری اقدار کے خلاف ہے۔ جارحیت، نفرت، ڈرانے دھمکانے یا خوف پھیلانے کی کینیڈا میں کوئی جگہ نہیں۔واضح رہے کہ سکھ فار جسٹس گروپ کے رہنما گروپتون سنگھ پنن نے بھارتی ہندؤں کو کینیڈا چھوڑنے کا کہا تھا۔

علاوہ ازیں کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک مرتبہ پھر بھارت پر کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام عائد کیا ہے لیکن انہوں نے بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق شواہد عام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ دوسری جانب کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہونے کے الزامات کینیڈا میں بھارتی سفارتکاروں کی نگرانی اور ایک اہم اتحادی ملک کی جانب سے فراہم کردہ انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ہیں۔