پاکستان ایک محفوظ دنیا کے لئے پائیدار نقطہ نظر کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے ،سرفراز احمد بگٹی

بیجنگ (صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ دنیا کے لئے پائیدار نقطہ نظر کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے اورگلوبل سکیورٹی کو بڑھانے کیلئے پاکستان ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون میں فعال کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔انہوں نے باہمی تعاون سے بین الاقوامی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان خطرات سے بچا وکیلئے موثر ڈھانچہ اور میکنزم کی تشکیل کی ضرورت ہے ۔دہشت گردی ، پرتشدد انتہا پسندی ، اکثریت پسندی ،فرقہ واریت، منظم جرائم اور سائبر کرائم سے دنیا کوخطرات لاحق ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو چین میں گلوبل پبلک سکیورٹی کوآپریشن فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے باہمی تعاون سے بین الاقوامی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے پر زور دیا اور کہا کہ عالمی سلامتی کے لئے خطرہ بننے والے چیلنجز سے مثر طریقے سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو یکجا ہونا ہوگا۔عالمی برادری کو لیگل فریم ورک کی رہنمائی میں ہم آہنگی کے ساتھ دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو عالمی برادری کے اقدامات سے مشترکہ سلامتی کے فوائد پہنچنے چاہئیں۔دنیا کو درپیش سکیورٹی خطرات سے بچا وکیلئے موثر ڈھانچہ اور میکنزم بنانے کی ضرورت ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی ، پرتشدد انتہا پسندی ، اکثریت پسندی ،فرقہ واریت، منظم جرائم اور سائبر کرائم سے دنیا کوخطرات لاحق ہیں۔چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے عالمی سلامتی کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں ۔۔