نیویارک(صباح نیوز)وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان سعودی عرب تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام شعبوں بالخصوص معیشت، تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری میں باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ۔
ہونے والی ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوں کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے سعودی قیادت کا پاکستان کی فراخدلانہ اور غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے سعودی وزیر خارجہ کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی تشکیل سے آگاہ کیا تاکہ جی سی سی کے رکن ممالک بالخصوص مملکت سعودی عرب کی ممکنہ سرمایہ کاری کو آسان اور تیز تر بنایا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی، انرجی، انفراسٹرکچر اور لیبر سمیت اہم شعبوں میں پاک سعودی تعاون کو بڑھایا جانا چاہیے۔۔