برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کا یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کا دورہ

مظفرآباد (صباح نیوز)برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کا دورہ کیا اور انتظامیہ سمیت فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات سے معروف چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق دورکنی وفد نے اپنے دورہ کے دوران چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن اوریونیورسٹی انتظامیہ سے بھی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔برطانوی ہائی کمیشن کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ہیڈ ٹام ہائیڈ نے آگاہی سیشن کے دوران چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کی تاریخی اہمیت اور دور رس اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

مزید برآں، پاکستان کے لئے چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کی سربراہ محترمہ شہلا قیوم نے درخواست کے عمل، اہلیت کے معیار، اور چیوننگ کو اپنے اسکالرز میں تلاش کرنے والی خصوصیات کے بارے میں گراں قدر رہنمائی فراہم کی۔ آگاہی سیشن کی سہولتکاری کے فرائض جامعہ کشمیر کے آفیسر تعلقات عامہ مبشر نقوی نے کی ۔انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن کے عہدیداروں کا ان کے دورے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جس نے طلباء اور فیکلٹی دونوں کو چیوننگ اسکالرشپ پروگرام کے ذریعہ پیش کردہ قابل ذکر مواقع سے آگاہ کیا۔سیشن سے قبل برطانوی ہائی کمیشن کی ٹیم نے یونیورسٹی کی انتظامیہ کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں رجسٹرار میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ قریشی سمیت یونیورسٹی کے اہم عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالقادر خان، ایسوسی ایٹ ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمن کنٹھ اور آفیسر تعلقات عامہ مبشر نقوی اجلاس میں شریک ہوئے۔

بات چیت کے دوران، یونیورسٹی انتظامیہ نے وفد کے اراکین کو اپنے تعلیمی پروگراموں اور سرگرمیوں کا ایک جائزہ فراہم کیا، جس میں تعلیمی عمدگی کے لئے ادارے کے عزم اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لئے اس کی لگن پر زور دیا گیا۔اس سے قبل جب برطانوی ہائی کمیشن کی ٹیم جامعہ کشمیر کے سٹی کیمپس پہنچی تو جامعہ کی انتظامیہ نے وفد کے اراکین کا پرتپاک استقبال کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیوننگ اسکالرشپس، جو برطانوی حکومت کی طرف سے فراخدلی سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہیں، دنیا بھر سے غیر معمولی ابھرتے ہوئے رہنماؤں کی شناخت اور مدد کے لئے ڈیزائن کی گئی ہیں. ان اسکالرز کو برطانیہ کی کسی بھی معزز یونیورسٹی میں ایک سال کی ماسٹر ڈگری حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوتا ہے۔یہ پروگرام نہ صرف تعلیمی کارکردگی کو فروغ دیتا ہے بلکہ بااثر رہنماؤں، اثر و رسوخ رکھنے والوں اور فیصلہ سازوں کی ترقی کی بھی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔