خیبر پختونخواکے عوام اپنے قائد نواز شریف کا تاریخی استقبال کریں گے، انجینئرامیرمقام


 پشاور(صباح نیوز)صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئرامیرمقام کے زیر صدارت پشاور میں پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کے استقبال کے لئے قائم کی گئی صوبائی کمیٹی خیبرپختونخوا کا اجلاس منعقد ہوا جوکہ 30 ممبران پر مشتمل تھی۔

اجلاس کا ابتدا پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضی جاوید عباسی نے کی ایجنڈا اور میٹنگ کے اعراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز شریف کی ہدایات اور مرکزی قیادت کے فیصلوں کے مطابق صوبائی کمیٹی نے ضلعی کمیٹیوں کا بنانے کا فیصلہ کیا جس میں ضلعی صدر، جنرل سیکرٹری و ٹکٹ ہولڈرز اور ونگز کے ضلعی سربراہ ممبران ہوں گے جو کہ ایک ہفتے کے اندر اندر اپنے اپنے اضلاع میں میٹنگز کر کے قائد میاں محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے انتظامات( بینرز، جھنڈے، گاڑیوں پر سکرینز) کی رپورٹ صوبائی قیادت کو بھیجیں گے۔ خیبر پختونخوا کے حوالے سے ٹرانسپورٹ کمیٹی، اور مانیٹرنگ کمیٹی کے حوالے سے بھی فیصلے کیے گئے اضلاع کی رپورٹ کے بعد یہ کمیٹی اپنا کام شروع کر دیں گی۔

انجینئر امیر مقام نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کا استقبال خیبر پختونخواکے عوام تاریخی کریں گے اور لاہور جلسے میں خیبر پختونخوا کی عوام ہزاروں کی تعداد میں بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی اور اپنے قائد معمار پاکستان، معاشی مستقبل کی امید اور مہنگائی کے بحرانوں سے عوام کو نکالنے کا نجات دہندہ قائد میاں محمد نواز شریف کو یہ یقین دلائنگے کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام انکے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ر ہنگے۔آخر میں صوبائی کمیٹی کے تمام ممبران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تجاویز بھی پیش کیں۔