اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے لئے بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بلوچستان میں عوام کے روزگار پر اثرات کی بنیاد پر منصوبوں کو ترجیح دی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ڈھانچہ جاتی ترقی زرعی ترقی فیشریز ا ور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے ساتھ ساتھ احساس پروگرام سمیت بنیادی سہولتوں پر اعانت میں بتدریج اضافہ ہو رہاہے انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کی معاشی ترقی کے لئے صنعت کاری اور پروسیسنگ پلانٹ کے قیام کے عمل میں تیزی لائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ماہی گیری کی سرگرمیوں کا سدباب کرکے مقامی ماہی گیروں کا تحفظ یقینی بنایا جارہا ہے۔اجلاس کو صوبے میں نظم و نسق کے ڈھانچے میں بہتریحکومتوں کے درمیان منصوبوں پر عملدرآمد ماہی گیری کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ زرعی شعبے کی ترقی اور نرسنگ کالجز کے قیام کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر سڑکوں کے نیٹ ورکس توانائی سمندری امور اور آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبوں کے منصوبوں سمیت گوادر میں صنعتوں اور پیداوار کے منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔