مستونگ(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام (ف)کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری مستونگ پہنچ گئے۔ مولانا عبدالغفورحیدری نے پارٹی رہنما حافظ حمداللہ کی گاڑی پر دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا ۔بعدازاں مولانا عبدالغفورحیدری ہسپتال زخمیوں کی عیادت کے لئے گئے
مستونگ حملے کے پیچھے عالمی قوتیں ملوث ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری
جمعیت علما اسلام(جے یو آئی۔ف) کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مستونگ حملے کے پیچھے عالمی قوتیں ملوث ہیں اور ان ہی قوتوں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو پاکستان پر مسلط کیا۔بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ آج حافظ حمد اللہ کے قافلے پر حملہ ہوا ہے ، الحمدللہ وہ اور ان کے رفقا سب محفوظ رہے۔واضح رہے کہ جمعرات کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں جمعیت علما اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوئے۔مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی شہیدوں ، غازیوں اور مجاہدین کی جماعت ہے، ہم ان قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان بزدلانہ حملوں سے ہماری تحریک باز نہیں آئے گی اور نہ ہی ہم اپنے نظریے کی سودا بازی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان اور بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ، جمعیت علما اسلام ریاست کی پالیسی کو آگے بڑھائے گی اور منصوبے کی حمایت کرتی ہے، سی پیک کو سپورٹ کرنا ہمارا جرم سمجھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ان بزدلانہ حملوں سے خوف زدہ نہیں ہوگی ، تاجروں سے اپیل ہے کہ وہ مستونگ واقعے کے خلاف کل شٹر ڈان ہڑتال کریں۔انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر نہیں، کچھ قوتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں، بھارت، پاکستان کا دشمن ملک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔غفور حیدری نے کہا کہ ریاست ہے تو ہم ہیں ،جمعیت علما اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری نے کہا ان قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جمعیت شہیدوں، غازیوں اور مجاہدین کی جماعت ہے، ہم کسی سے بھی ڈرنے والے نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے بھیک مانگ رہے ہیں، بجلی اور گیس کا ریٹ آئی ایم ایف تعین کر رہی ہے۔۔