اسلام آباد(صباح نیوز) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ ہفتے کوکراچی سے خیبر تک تاجر برادری پہیہ جام کریں گے اور ملک کے طول و عرض میں کوئی دکان یا کاروبار نہیں کھلے گا ،پہیہ جام میں پاکستانی قوم تاجروں کا بھرپور ساتھ دیگی ،حکومت کو فوری طور پر بجلی کی قیمت میں اضافے کو واپس لینا ہوگا اور اگر آج کے پہیہ جام کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک رینگی تو آئندہ کا لائحہ عمل نہایت خطرناک ہوگا اور اس لائحہ عمل پر عملدرآمد کی صورت میں تمام ذمہ دار حکومت پر عائد ہوگی ، نگران وزیر اعظم عوام کا مذاق اڑانے کے بجائے ان کے دکھوں کا مدوا کریں ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے گزارش ہے کہ وہ وزیر اعظم کے ایسے بیانات کا نوٹس لیں اور عوامی فلاح و بہبود اور عوام کے پریشانی کے ازالے کیلئے اقدامات اٹھائیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو جی نائن مرکز میں ٹریڈ یونین کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ترجمان مرکزی تنظیم تاجران پاکستان ضیا احمد راجہ ، جی نائن مرکزکے صدر راجہ جاوید سمیت دیگر تاجررہنما بھی موجود تھے ،
محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ کراچی سے خیبر ملک بھر کی تاجر تنظیموں کے متفقہ فیصلہ کے تحت آج ہفتہ کو ملک گیر شٹر ڈاون ھڑتال ھو گی ،آج کی ھڑتال بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف عوامی نفرت اور غیض و غضب کا اظہار ھو گی انہوںنے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے بیانات جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ھے انہیں عوامی مشکلات کا احساس ھی نہیں اور وہ عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں ، عوام بجلی کے بل جمع کرانے سے قاصر ہیں ،قوم مہنگائی سے تڑپ رہی ہے اور وزیر اعظم قوم سے مذاق کر رہے ہیں ۔انشا اللہ اج کامیاب شٹر ڈائون ہوگا اور انہیں لگ سمجھ جائیگی ۔انہوںنے کہا کہ نگران اور کچھ قوتیں شٹر ڈاون کو ناکام بنانے کی ناکام کوشیش کر رہے ہیں لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہونگے کیونکہ قوم نے بھی آج کے پہیہ جام میں بھرپور شرکت کرنے ہے
انہوں نے کہا کہ کراچی میں جمعہ کو شٹرڈاون کی کامیاب ریہرسل پر کراچی کے تاجروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور آج کراچی سے خیبر تک شٹر ڈاون ہوگا۔انہوںنے کہا کہ ملک بھر کے تاجر اور عوام آج مراعات یافتہ طبقہ اور اشرافیہ کے خلاف جنگ کا اعلان کریں گے تاجر و صنعتکار اپنے کاروبار بچانے کیلئے پرامن ھڑتال کریں گے ۔ تاجر اور عوام ظالموں اور غاصبوں سے اپنا حق لینے کیلئے شٹرڈان ھڑتال کریں گے انہوںنے کہا کہ بلوں کی اقساط یا کوئی اور جھانسہ قابل قبول نہیں ہے حکومت بجلی کے بلوں میں کیا گیا ظالمانہ اضافہ واپس لے ۔بجلی کے بلوں پر لگائے گئے تمام قسم کے ٹیکسز ختم کیے جائیں
انہوں نے کہا کہ بجلی کے 34 کروڑ مفت یونٹس دینا بند کیے جائیں پتا نہیں انہیں ایسی کیا مجبوری ہے کہ وہ مفت یونٹس بند کرنے کا اعلان نہیں کر رہے ہیں ۔کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت آئی پی پیز کمپنیوں کے ساتھ مہنگے معائدے ختم کر کے کک بیکس کے بغیر نئے معائدے کرے بدقسمتی سے ایوانوں میں بیٹھے کچھ شخصیات نے آئی پی پیز کو غیر ملکی کمپنیاں ظاہر کرکے عوام کو لوٹ رہی ہیں ۔ بجلی پلانٹس کے بجلی بنانے یا نہ بنانے کی صورت میں پلانٹ کی کیپسٹی کے مطابق رقم کی ادائیگی کا خاتمہ کیا جائے اوربجلی کمپنیوں کو ڈالرز میں ادائیگی بند کی جائے ۔کاشف چوھدری نے کہا کہ لائن لاسز اور بجلی چوری کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے قوم تھک چکی ہے اشرافیہ کیلئے مراعات اور غریب کیلئے مرنا بھی مشکل ھو چکا ہے ۔بے حس ،مفاد پرست ،نااہل اور نالائق مراعات یافتہ طبقہ عوام کو ریلیف دینے کو تیار نہیں ہے
انہوں نے کہا کہ بجلی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے مہنگائی کا طوفان ناقابل برداشت ھو چکا ہے ۔آج ملک گیر ھڑتال کے بعد اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے قوم تماشائی بننے کی بجائے میدان عمل میں نکلے ہم ظلم کے نظام کے خاتمے تک حکمرانوں کا پیچھا کریں گے ۔کاشف چوھدری نے کہا کہ کراچی ، لاہور ، پشاور ، کوئٹہ سمیت ملک کے طول و عرض میں پہیہ جام نااہلوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی اور نہ تاریخی شٹر ڈاون عوام کا اعلان نفرت ہوگا اور اگر آج بھی حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو آئندہ کا ہمارا لائحہ عمل نااہل برداشت نہیں کر سکیں گے ۔انہوںنے کہا کہ اشرافیہ کے بیرون ملک علاج ، غیر ملکی دوروں ، شاہانہ طرز زندگی اور مفت بجلی و گیس کی فراہمی کا سلسلہ بند کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا ہماری ہڑتال پر امن ہوگی اس موقع پر جی نائن مرکزکے صدر راجہ جاوید نے کہا کہ وہ نگران وزیراعظم کے بجائے آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ ان غیر معمولی حالات کو نوٹس لیں ۔