تیل کی قیمتوں میں اضافہ ،پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھ گئے


 لاہور (صباح نیوز)تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ مالکان نے کرائے بڑھادیئے ۔

انٹرسٹی کرایوں میں دو سو روپے تک اضافہ کردیا گیا۔ شہر میں چلنے والے رکشوں اور ویگنوں کے کرائے میں بیس روپے تک اضافہ ہوگیا۔لاہور سے اوکاڑہ ،لیہ ،گوجرانوالہ ،،عارفوالہ فیصل آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ کے کرائے سو روپے تک بڑھائے گئے ۔

ملتان ،اسلام آباد اور کراچی جانیوالی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایوں میں 200 روپے تک اضافہ کیا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد صرف کرایہ ہی نہیں مہنگائی کا طوفان عام آدمی کے معمولات زندگی کو خاصہ متاثر کرتا ہے۔

دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا۔ایکسپریس، پسینجر اور انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ پارسل اور لگیج ریٹ میں بھی 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

محکمہ ریلویز کے مطابق اضافے پر عملدرآمد(آج) 2 ستمبر سے ہو گا۔واضح رہے کہ 16 روز میں ریلوے کے کرایوں میں یہ دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل 16 اگست کو ریل کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے نگران حکومت نے دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 305 روپے 36 پیسے ہوگئی ۔