نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ہنر سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے،عارف علوی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ہنر سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی سے منسلک ہے، پاکستان دنیا کی دوسری سب سے بڑی فری لانس مارکیٹ بن چکا ہے، مالیاتی لین دین کو بہتر بنانے سے ملکی معیشت کو مزید فروغ مل سکتا ہے اور اس کے نتیجہ میں ملک کی جی ڈی پی میں 2 سے 3 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے، نوجوانوں کوآئی ٹی کی تعلیم اور تکنیکی مہارت کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ طلبا کومصنوعی ذہانت سے لیس کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ہواوے آئی سی ٹی مقابلوں 23۔2022 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف، ہواوے کے مڈل ایسٹ ریجن کے صدر وانگ شون لی، سفارتکاروں، ماہرین تعلیم اور آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ صدر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو گریجویٹس کی تربیت اور انہیں مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تیار کرنے کیلئے اپنے کیمپسز میں ان کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیتی کیمپوں کا اہتمام کرنا چاہئے۔

انہوں نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ طلبا کیلئے دو سالہ انڈرگریجویٹ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کریں کیونکہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی کو ڈگریوں کی نہیں بلکہ مہارتوں کی طلب ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ وقت کی اہم تقاضا بن چکا ہے، دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے فوری فیصلہ سازی کی ضرورت ہے، سیاستدانوں اور بیوروکریسی کو آئی ٹی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی اب ہر شعبہ کیلئے ناگزیر ہے، ملکی ترقی کے لئے ہر شعبہ کو آئی ٹی سے منسلک کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ دنیا میں آئی ٹی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی ماہرین کو تیار کرنے کی ضرورت ہے،آئی ٹی کے شعبہ خواتین کے لئے بھی مواقع پیدا کئے جائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز دینے اور خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں 2 کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں جنہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے بھرپور اقدامات ناگزیر ہیں۔ صدر مملکت نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی صنعت کی ترقی اور نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کمپنی ہواوے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے تقریب میں شرکت کو اپنے لئے باعث اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے ہواوے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے  جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے طلبا باصلاحیت ہیں، ہواوے سمیت دیگر بڑی آئی ٹی کمپنیاں طلبا کی صلاحیت کو نکھارنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہیں۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا  کہ ہواوے نے پاکستان میں گلوبل سروس سنٹر قائم کیا ہے جو ایک اہم اقدام ہے، پاکستان کو اپنی نوجوان آبادی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر ہنر مند بنانا چاہئے اور ملک کو آئی ٹی کے شعبہ میں آگے بڑھنا ہوگا،  وزیر اعظم ڈیجیٹل سکلز پروگرام سے22 لاکھ نوجوانوں نے استفادہ کیا جن میں سے ایک بڑی تعداد اب خود روزگار کمانے کے قابل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کی رفتار بڑھانے کے خواہشمند ہیں، اس مقصد کے لئے یونیورسٹیوں میں ورچوئل طلبا کی تعداد بڑھائی جائے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی تعلیم سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف نے اس  موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں جنہیں تعلیم یافتہ اور ہنرمند بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہواوے اور دیگر کمپنیاں  پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک ہے، نوجوان آبادی کو آئی ٹی کے شعبہ میں تربیت یافتہ بنا کر پاکستان بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی اور مشرقی ایشیا اب سائنس اور ٹیکنالوجی کا مرکز بن رہا ہے اور پاکستان کو خطے میں ابھرتی ہوئی طاقت سمجھا جاتا ہے۔

تقریب سے صدر پبلک افیئرز اینڈ کمیونیکیشن ہواوے ٹیکنالوجیز مڈل ایسٹ اینڈ سینٹرل ایشیا وانگ شون لی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہواوے آئی سی ٹی مقابلہ میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں طلبا نے شرکت کی جن میں سے پاکستانی طلبا نے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں میں دنیا بھر کی 2 ہزار سے زیادہ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے ایک لاکھ 20  ہزار طلبا نے شرکت کی۔ پاکستان کے طلبا نے چین میں ہواوے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے گلوبل فائنل میں نیٹ ورک ٹریک میں دوسرا اور تیسرا انعام اور انوویشن ٹریک میں تیسرا انعام اپنے نام کیا ہے۔ 2019 کے بعد منعقدہ پہلے باقائدہ ایونٹ کے اختتامی مرحلے میں 36 ممالک کی 146 ٹیموں کے فائنلسٹ کے درمیان مقابلہ ہوا۔ قبل ازیں صدر مملکت نے تقریب میں ہواوے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی طلبا میں شیلڈز تقسیم کئے۔