لاہور(صباح نیوز)صدر پاکستان بزنس فورم لاہور مومن علی ملک نے کہا ہے کہ بجلی بلوں کا حال یہی رہا تو صنعتی شعبہ مکمل بند ہو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بزنس فورم نے بجلی کے بڑھتے بلوں پر ملک گیر احتجاج کا الٹی میٹم دے دیا ، پاکستان بزنس فورم کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ مہنگے بجلی کے بلوں نے عوام اور کاروباری طبقہ کو مقروض کر کے رکھ دیا۔
پاکستان بزنس فورم کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی اور عوام سڑکوں پر حکومت کی بے بسی کو للکار رہے ہیں، حکومت بجلی کی قیمت کو کم کرے اور بجلی کی چوری کی روک تھام کرے، ہر ماہ مفت بجلی کے یونٹس کو فوری ختم کیا جائے۔
پاکستان بزنس فورم نے کہا کہ برآمدی شعبہ اس وقت اپنے آرڈر پورے نہیں کر پا رہا، بجلی بلوں کا حال یہی رہا تو صنعتی شعبہ مکمل بند ہو جائے گا۔ا نہوںنے کہا کہ حکومت سمجھنے کی کوشش کرے موجودہ ٹیرف قوم کی برداشت سے باہر ہے۔
دوسری طرف پاکستان بزنس فورم نے وفاقی حکومت سے تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈیسکوز)کے عملے و افسران کو مفت یا رعایتی بجلی کی سہولت بند کرنے کی درخواست کی تھی جس کو سیکٹر پاور نے قبول کر لیا اور ہم اس اقدام کو سراہتے ہیں۔ اس سے عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔