فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ، نجات حاصل کرنا ناگزیر ہے ،محمد حسین محنتی


بدین( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ جماعت اسلامی باطل نظام کی جگہ پر اللہ کا نظام لانا چاہتی ہے۔فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت نے عوام کا جینا مشکل اور ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے جس سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ کارکن آئندہ بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔ قابل و دیانتدار قیادت ملک وقوم کو مہنگائی بیروزگاری بیرونی جارحیت سمیت مسائل حل اور بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔امیر ضلع سید علی مردان شاہ، جنرل سیکرٹری محمد عظیم بارن اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ضلعی نظم کی نشست میں دعوتی تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ امیر ضلع سید علی مردان شاہ  نے صوبائی امیر کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سمیت ضلع کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔

صوبائی امیر نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی ایک انقلابی و فکری تحریک ہے جو اپنے قیام کے روز اول سے اصلاح معاشرہ کے ساتھ اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے۔