اسلام آباد(صبا ح نیوز)پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے مابین فضائی خدمات کا معاہدہ (اے ایس اے)طے پاگیا۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے)کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضی اور مملکت سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کے صدر عبدالعزیز الدو یلج نے بالترتیب حکومت پاکستان اور مملکت سعودی عرب کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔
دستخط کی تقریب میں وزیراعظم کے نگراں مشیر برائے ہوا بازی فرحت حسین ملک، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ، نگراں وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر پاکستان اور سعودی عرب کے حکام نے شرکت کی۔ فضائی خدمات کے اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ اور سہولت ملے گی۔ ہوا بازی کے شعبے میں تعاون سے تجارت اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔بعد ازاں نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی اور فضائی خدمات کے معاہدے کی تفصیلات، دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی قیادت میں سعودی وفد گزشتہ روز4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچا۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد، سعودی سفیر نواف المالکی، سابق وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود، وزارت کے دیگر حکام نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ حرمین الشریفین کے انتظامی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔ سعودی وزیر مذہبی امور کے ہمراہ ڈپٹی وزرا حج عمرہ، سیاحت، عالمی تعاون، سعودی ایئرلائن کے صدر، سعودی ایوی ایشن کے نمائندے، سعودی سول ایویشن اتھارٹی کے چیئرمین، سعودی ایئرلائن کے صدر، سعودی ٹورازم اتھارٹی کے سی ای او ، سیکرٹری عمرہ، سیکرٹری حج، سیکرٹری انٹرنیشنل تعاون وزارت حج، ضیوف الرحمن پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو، سعودی مرکزی بینک کے ڈائریکٹر برائے انسداد منی لانڈرنگ و ٹیرر فنانسنگ بھی وفد میں شامل ہیں ۔