پشاور میں فائرنگ سے زخمی سب انسپکٹر دوران علاج شہید


پشاور(صباح نیوز) پشاور میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی سب انسپکٹر دوران علاج دم توڑ گئے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ تھانہ متھرا کی حدود میں 18 اگست کو پیش آیا تھا جہاں ملزمان نے فائرنگ کرکے سب انسپکٹر گل جلال خان کو زخمی کردیا تھا، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

وہ گزشتہ تین دن سے اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم  وہ دوران علاج چل بسے۔ شہید سب انسپکٹر پی اے ایل آفس پشاور کے انچارج تھے، ان کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں آئی جی خیبر پختونخوا، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سی سی پی او پشاور سمیت اعلی پولیس افسران نے شرکت کی۔

پولیس نے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے تاہم ابھی تک کسی ملزم کی گرفتار عمل میں نہیں آسکی۔