مانسہرہ (صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں 110 سالہ عبد الحنان اور 55 سالہ دلبر کے درمیان ہونے والی شادی کی دھوم مچی ہوئی تھی لیکن 4 روز بعد ہی علیحدگی ہوگئی۔
گرانتھلی بھوگڑمنگ کے رہائشی عبدالحنان سواتی نے چند روز پہلے ہی 55 سالہ دلبر بی بی سے چوتھی شادی کی تھی۔ جوڑے کا نکاح مقامی مسجد میں ہوا تھا جس میں حق مہر5 ہزار روپے طے پایا تھا۔ ان کے نکاح کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ جوڑے نے ولیمہ بڑے شاندار طریقے سے منایا ہے جس میں رشتہ داروں نے بھی شرکت کی تھی۔
کہانی میں نیا موڑ تب آیا جب ایک نجی میڈیا رپورٹ نے دعوی کیا کہ شادی کے چار روز بعد اہلیہ دلبر کے بیٹے انہیں ساتھ لیکر چلے گئے ساتھ گھر والوں نے جعلی نکاح ہونے کا بھی الزام عائد کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تھانہ شنکیاری میں خاتون کے بھانجے عبداللہ نے درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اپنایا گیا کہ خالہ دلبر جان ذہنی مریضہ ہیں جس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔
درخواست گزار عبداللہ کا کہنا ہے کہ عبد الحنا ن اور دلبر بی بی کا نکاح جعلسازی سے ہوا ہے۔ پولیس نے کہا کہ متعلقہ کیس خلع کا کیس ہے جو عدالت سے ہی ہوسکتی ہے۔