اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیدوار کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، نگراں حکومت معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے قائم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) سے متعلق بریفنگ کے دوران کیا۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے سیکرٹری عملدرآمد جہانزیب خان اور سیکرٹری جمیل احمد قریشی نے بریفنگ میں شرکت کی۔
وزیرِ اعظم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیداوار میں بیرونی سرمایہ کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم کو ایس آئی ایف سی کے تحت بیرونی سرمایہ بڑھانے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے حکومت کی حکمت عملی کے بارے بتایا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاروں کو منصوبوں کیلئے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ایس آئی ایف سی اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی ، سیاحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں بھی بیرونی سرمایہ کاری کی بے شمار استعداد ہے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ایس آئی ایف سی کی چھتری تلے ان شعبوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار کا انفراسٹرکچر کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان کے توانائی شعبے کی بہتری کیلئے ریگولیٹری سٹرکچر کو ہم عصر بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیدوار کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، نگران حکومت ایس آئی ایف سی کے فورم کا بھرپور استعمال یقینی بنائے گی، نگراں حکومت اپنے مختصر دور حکومت میں اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی میں صرف کرے گی، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ایک امید کی کرن ہے۔وزیرِ اعظم نے جہانزیب خان اور جمیل احمد قریشی کی ایس آئی ایف سی کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہا۔۔۔