ملکی معاشی صورتحال پرنگران وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی . اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے اور مزید اقتصادی بہتری لائیں گے۔عوامی فلاحی منصوبے بلاتعطل جاری رہیں گے،

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیںاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔نگران حکومت معیشت کی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن اور ذمہ دار خودمختاری پر توجہ مرکوز کرے گی،نگران حکومت اپنی محدود مدت میں تمام تر توانائیاں معیشت کی اصلاح پر صرف کرے گی۔اجلاس میں اعلی سرکاری افسران بشمول گورنر اسٹیٹ بینک، سیکٹری خزانہ، سیکٹری پاور اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی.

اجلاس کو ملکی معیشت میں استحکام اور مزید بہتری کیلئے اقدامات پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. اجلاس کو پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی.نگران وزیرِ اعظم  نے  ہر شعبے میں جاری اصلاحات پر مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی