مہنگائی سے نجات کا حل عمران خان حکومت کا خاتمہ ہے،بلاول بھٹو


کراچی(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی سے نجات کا حل عمران خان حکومت کا خاتمہ ہے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بڑے دعوے سے کہا تھا کہ 2021 خوش حالی کا سال ہوگا، اب 2022 آگیا، خوش حالی کا وہ دعویٰ کہاں گیا؟۔ عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو نئے سال کا تحفہ دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ہر سال گذشتہ برس کی نسبت زیادہ مہنگا ثابت ہوا اور پھر کہتے ہیں کہ پچھلی حکومتیں نااہل تھیں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے دور میں تو بدترین عالمی معاشی بحران تھا مگر ہم نے مہنگائی کا بوجھ عوام کو اٹھانے نہیں دیا تھا۔

انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق کم کرے، مہنگائی سے نجات کا واحد حل عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ہے۔