صنعتی پیداوار و آئی ٹی خدمات میں اضافہ ہمارا وژن ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان خطہ میں اہم سٹریٹجک مقام کی حیثیت رکھتاہے، ملک کوخطے میں تجارت اورتوانائی کی راہدریوں کا علاقائی مرکز بنانا اورصنعتی پیداوار و آئی ٹی خدمات میں اضافہ ہمارا وژن ہے۔وزیرخزانہ نے یہ بات پیرکویہاں بین الپارلیمانی یونین کے صدردوارتے پیچیکو کے صدرکی قیادت میں بین الاقوامی پارلیمانی کانگریس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیرخزانہ نے وفد کاپرتپاک خیرمقدم کیااورکہاکہ پاکستان بین الپارلیمانی یونین کے ساتھ اپنی شراکت داری کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے، پاکستان عالمی امن، خوشحالی اورمعاشی استحکام کیلئے عالمی فورمز پربین الپارلیمانی یونین کوباقاعدگی سے معاونت فراہم کررہاہے۔وزیرخزانہ نے وفد کوحال ہی میں اٹھائے گئے ان اقتصادی اورمالیاتی اقدامات سے آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں معیشت استحکام کے بعد نموکی راہ پرگامزن ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے پاکستان خطہ میں اہم سٹریٹجک مقام کی حیثیت رکھتاہے، ملک کوخطے میں تجارت اورتوانائی کی راہدریوں کا علاقائی مرکز بنانا اورصنعتی پیداواروآئی ٹی خدمات میں اضافہ ہمارا وژن ہے،اس ضمن میں پاکستان تمام علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت کی قدرکی نگاہ سے دیکھتاہے۔

بین الپارلیمانی یونین کے صدرنے بین الپارلیمانی یونین اور بین الاقوامی پارلیمانی کانگریس کے پلیٹ فارمز سے دنیا بھرمیں امن، سلامتی، انسانی حقوق اورپائیدارترقی کیلئے پاکستانی پارلیمنٹیرینز اورپاکستان کے کردار کوسراہا۔ انہوں نے اراکان پارلیمان کے درمیان رابطوں کوفروغ دینے کے عزم کااعادہ کیا۔ وفد نے معاونت فراہم کرنے پروزیرخزانہ کاشکریہ اداکیا۔ وفد میں آئی پی سی کے اردن سے رکن عبدالرحمان مایعہ، گنی کے سرن تراورت، آذربائیجان کے ناجیوف آرزو اورسینیٹرستارہ ایازشامل تھیں۔