پشاور (صباح نیوز)کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات اور آئی جی ایف سی نے باجوڑ پہنچ کر دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا، دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔
کور کمانڈر اور آئی جی ایف سی کو گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،
کور کمانڈر نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں افواج پاکستان باجوڑ کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں، دہشت گردی ایک ناسور ہے جسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔
کور کمانڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار کا دورہ کیا، زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی، انہوں نے زخمیوں کے علاج کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔
کور کمانڈر پشاور نے باجوڑ میں شہدا کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔