باجوڑ(صباح نیوز) ضلع باجوڑ میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خودکش دھماکے کی ایف آئی آر، ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم حملہ آور کے خلاف درج کی گئی۔ مقدمے میں دہشتگردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئیں ۔اس موقع پر باجوڑ دھماکے کی تحقیقات کیلئے قائم انکوائری ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ اس حوالے سے ایس پی سی ٹی ڈی باجوڑ امجد خان کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ٹیم نے شواہد اکھٹے کرلئے۔
ایس پی سی ٹی ڈی باجوڑ نے مزید بتایا کہ تحقیقاتی ٹیم نے زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کرلئے جبکہ جائے وقوعہ پر جیو فینسنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ۔ دھماکے کی جگہ سے شواہد بھی اکٹھے کرکے ڈی این اے کے لیے بھجوا دئیے گئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس اختر حیات خان نے کہا ہے کہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کی گئی ہے، بم ڈسپوزل یونٹ نے دھماکے کی جگہ سے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ دھماکے والی جگہ اور اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی ہے جس کی چھان بین کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ٹیم واقعے کی جگہ پر تحقیقات میں مصروف ہے، واقعے میں ملوث تنظیم اور خودکش حملہ آور کی نشاندہی کر رہے ہیں، امید ہے جلد تحقیقات میں پیش رفت ہوسکے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز باجوڑ میں جے یوآئی (ف)کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کے نتیجے میں جے یو آئی خار کے امیر سمیت 46 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دھماکے میں 150 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔